کمٹہ :10/مارچ (ایس او نیوز) پارٹی میں شمولیت کے نام پر بی جےپی کے ریاستی صدر یڈیورپا ذات پات کا بیج بور ہے ہیں، اقتدار کے لئے یڈیورپا کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ان خیالات کااظہار جے ڈی ایس کے رکن اسمبلی اور لیڈر مدھو بنگارپا نے کیا۔ وہ یہاں کمٹہ میں ضلع اُترکنڑا کے جے ڈی ایس کارکنان سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہاکہ یڈیورپا سبھی کے ساتھ ساتھ ٹکٹ کی آس لے کر اقلیتوں کو بے وقوف بنانے کی کوشش میں جٹے ہیں۔ جو لوگ پارٹی چھوڑ کر نکل گئے تھے انہیں کو لے کر دوبارہ پارٹی میں شمولیت کا ناٹک رچارہے ہیں۔مزید بتایا کہ بی جےپی میں وفادار کارکنوں کو کنارے لگا کر نئے لوگوں کی آؤ بھگت کرنے سے یڈیورپا کو شرم نہیں آرہی ہے۔ مرکزی حکومت پر کڑی تنقید کرتےہوئے مدھوبنگارپا نے سال 2018کے انتخابات میں عوام کا علاقائی پارٹی کا ساتھ دینے کا اعتماد جتایا۔
ضلع بھر کے جے ڈی ایس کارکنان میٹنگ میں شریک تھے۔ بتایا گیا ہے کہ اگلے سال ہونے والے انتخابات کے پیش نظر جےڈی ایس کو ضلع میں مضبوط کرنے کی غرض سے یہ پروگرام منعقد کیا گیا تھا جس میں ریاستی جنرل سکریٹری اور الیکشن اوبزرور محمد فاروق باوا بھی تشریف فرما تھے، جبکہ بھٹکل سے عنایت اللہ شاہ بندری،عبدالمناف مرجانکر، ضلعی صدر بی آر نائک سمیت کافی لیڈران موجود تھے۔ میٹنگ میں ضلع کے تمام جے ڈی ایس کارکنان کو متحد کرنے اور پارٹی کو مضبوط کرنے کی طرف لیڈران کی توجہ مبذول کرائی گئی اور اگلے انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں بات چیت کی گئی۔